سرینگر//
ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے جمعرات کو کہا کہ وادی میں اس سال نومبر سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے اور آنے والے وقتوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ڈویڑنل کمشنر کشمیر نے کہا کہ وادی کشمیر میں اس وقت بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے اور آنے والے وقتوں میں اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
بدھوری نے کہا کہ میٹرڈ اور نان میٹرڈ ایریاز کے لیے جاری کردہ شیڈول کو برقرار رکھنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر نے پہلے ہی جموں و کشمیر کے باہر سے مزید بجلی خریدنے کا معاملہ اٹھایا ہے اور ایک بار سپلائی موصول ہونے کے بعد لوگوں کو بڑی راحت ملے گی۔
صوبائی کمشنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بجلی کا درست استعمال کریں اور بجلی چوری سے گریز کریں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شہر میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتا ہے تو اس کا سہرا لوگوں اور ہر اس شخص کو جاتا ہے جنہوں نے کام کے دوران تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ پائپ لائن میں بہت سے منصوبے ہیں جنہیں بتدریج شروع کیا جائے گا تاکہ سرینگر شہر کو ایک نئی شکل دی جا سکے۔