سرینگر//
سرینگر کے بٹہ مالو علاقے میں منگل کے روز ایک مسافر بردار گاڑی کی ٹکر سے دو افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پندچی منڈی بٹہ مالو کے نزدیک ایک مسافر بردار گاڑی نے دو راہگیروں کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے وہ خون میں لت پت ہو کر سڑک پر گر پڑے ۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے ایک شخص کو مردہ قرار دیا جبکہ دوسرے کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔
متوفی کی شناخت۵۱سالہ نواز احمد ساکن راولپورہ سری نگر کے بطور ہوئی ۔
اس حادثے میں زخمی ہوئے شہری کی پہنچان بلال احمد پرے ولد نور محمد ساکن چھتہ بل سری نگر کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
ادھر پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ (پی ڈی ایف) کے چیئرمین حکیم محمد یاسین کی حفاظت پر معمور دو سیکورٹی گارڈز منگل کو وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے خان صاحب علاقے میں اسکارڈ کی کار اْلٹنے سے زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور ڈگری کالج خان صاحب کے قریب ایک باغ میں جاگری۔حادثہ کا شکار ہوئی گاڑی میں یاسین کے دو سکیورٹی گارڈز زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ حکیم یاسین اس وقت دوسری گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
کولگام میں میوہ باغ سے نوجوان کی لاش بر آمد
سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے یاری پورہ علاقے میں منگل کی صبح ایک میوہ باغ میں ایک نوجوان کو مردہ پایا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے زبن یاری پورہ علاقے میں منگل کی صبح مقامی لوگوں نے ایک میوہ باغ میں ایک لاش دیکھی اور اس کے متعلق پولیس کو مطلع کیا۔
ذرائع نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
متوفی کی شناخت شاہد احمد موچھی ولد محمد اشرف موچھی ساکن کھی کے بطور کی گئی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کی موت واقع ہونے کی وجہ لاش کا پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد ہی معلوم ہو سکتی ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔