صاحب اس میں کوئی شک نہیں ہے اور بالکل بھی نہیں ہے کہ بالآخر دفعہ ۳۷۰ کا قصہ اب تمام ہوا …تھوڑی بہت امید باقی تھی… ہمیں نہیں ‘کشمیر کے کچھ احمقوں کو … ان احمقوں کو جو لوگوں کو احمق بنانے کی سوچ رہے تھے‘لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے نے ان امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا اور… اور ہمیشہ کیلئے پھر دیا… اب دفعہ ۳۷۰ موجود ہے اور نہ اس کی کوئی آتما ہمیں کہیں نظر آجائیگی… دفعہ گئی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے اور بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ اس دفعہ کا ذکر بھی اس کے ساتھ ہی گیا… دفعہ ختم ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ اس کا ذکر بھی ختم ہو گیا… نہیں صاحب ایسا نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے … دفعہ زندہ رہے گی‘بحثوں میں ‘ مباحثوں میں ‘ سیاسی ریلیوں میں ‘ انتخابی جلسوں میں اور… اور ہاں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے بھاشنوں میں بھی اس کا ذکر ہو گا اور… اور اس لئے ہوگا تاکہ ہمیں… ہم بھارت واسیوں کے ذہنوں میںیہ بات موجود رہے‘تازہ رہے کہ اس دفعہ کو کس نے ختم کیا … اس دفعہ کو کس نے دفع کیا … یہ یاددلانے کیلئے لوگوں کو یہ بھی بتانا پڑے گا کہ اس دفعہ کو لایا کس نے‘ کس نے اس کو وجود بخشا اور… اور اللہ میاں کی قسم اسی لئے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں آجکل اسی بات کو دہرایا جا رہا ہے… بار بار دہرایا جارہا ہے اور… اور بے چارے آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم‘جواہر لال نہرو کو خوب سنایا جارہا ہے… یہ سنایا جارہا ہے کہ اس کی غلطیوں کی وجہ سے ہی کشمیر میں اتنے مسائل پیدا ہوئے … کیا واقعی ایسا ہے… کیا نہرونے واقعی میں ایسا کچھ کیا تھا… کیا وہ غلط تھے یا انہیں غلط کہنے والے غلط ہیں … اس بحث میں ہمیں پڑنا نہیں ہے… اس میں ہمیں کوئی دلچسپی نہیں ہے… اگر ہمیں کسی بات میں دلچسپی ہے تو… تو اس ایک بات میں ہے… یہ بات بتانے میں دلچسپی ہے کہ… کہ آپ یہ بالکل بھی نہ سوچیں کہ … کہ دفعہ گئی تو… تو اس کے ساتھ ہی اس کا ذکر خیر بھی چلا گیا… نہیں صاحب ایسا نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے اور… اور آپ کو یاد دلانے والے اس دفعہ کی یاد بار بار دلائیں گے… اور اس لئے یاد دلائیں گے کہ… کہ لوک سبھا الیکشن اب زیادہ دور نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہے نا؟