جموں//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز کہا کہ دفعہ۳۷۰پر عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے پیش نظر کشمیر میں کسی کو نہ خانہ نظر بند رکھا گیا ہے اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اس قسم کی افواہیں پھیلا رہے ہیں جو بے بنیاد ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا’’کچھ لوگ خانہ نظر بندی اور لوگوں کو گرفتار کرنے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ سیاسی وجوہات کی بنا پر کسی کو خانہ نظر بند رکھا گیا ہے نہ کسی کو گرفتار کیا گیا ہے‘‘۔
بتادیں کہ پی ڈی پی نے ’ایکس‘پر پیر کی صبح ایک پوسٹ میں کہا’’عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے قبل ہی پولیس نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی رہائش گاہ کے دروازے بند کرکے اس کو خانہ نظر بند کر دیا ہے ‘‘۔
دفعہ۳۷۰کی تنسیخ کے خلاف دائر عرضیوں پر عدالت عطمیٰ آج یعنی پیر کو فیصلہ سنا رہی ہے ۔اس فیصلے کے پیش نظر وادی کشمیر میں سیکورٹی کے فیقد المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔