تو صاحب کشمیر میں اور کشمیر کے بارے میں سب سے زیادہ کیا چلتا ہے ؟ہم جانتے ہیں کہ آپ جانتے ہیں… یہ جانتے ہیں کہ کشمیر میں اور کشمیر کے بارے میں سب سے زیادہ جھوٹ چلتا ہے… اتنا جھوٹ چلتا ہے کہ بے چارہ جھوٹ خود کو کبھی کبھی سچ مانے لگتا ہوگا اور… او ر اس لئے مانے لگتا ہوگا کہ… کہ کشمیر میں جھوٹ کو سچ کے طور پیش کیا جاتا ہے یا پیش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ اس کوشش میں ہر ایک پیش پیش ہے… کشمیر کی سیاسی جماعتیں… کشمیر کی بیوروکریسی ‘ کشمیر کے حکام… دہلی میں بیٹھے کشمیر کو اپنی انگلی پر نچانے والے… سب کے سب کشمیر کے بارے میں ہول سیل میں جھوٹ بولتے ہیں… وہ جھوٹ بولتے ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد کشمیر میں کچھ نہیں بدلا ہے… وہ بھی جھوٹ بولتے ہیں جو کہتے ہیں کہ ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد کشمیر میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں… وہ جھوٹ بولتے ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ کشمیر میں اب حالات معمول پر آگئے ہیں اور… اور وہ بھی جھوٹ بولتے ہیں جو کہتے ہیں کہ کشمیر میں حالات بالکل بھی معمول پر نہیں آگئے ہیں… وہ جھوٹ بولتے ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ ۳۷۰ کشمیر کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی… اور وہ بھی جھوٹ بولتے ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ کشمیر میں ترقی کی وجہ ۳۷۰ تھی… وہ جھوٹ بولتے ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ گزشتہ ۳۰ برسوں کے تشدد کی وجہ ‘ اس تشدد اوراس میں ہلاکتوں کیلئے دفعہ ۳۷۰ ہی ذمہ دار ہے اور… اور وہ بھی جھوٹ بولتے ہیں جن کا جاننا اور ماننا ہے کہ کشمیر میں تشدد کی وجہ کچھ اور ہو سکتی ہے یا کچھ بھی ہو سکتی ہے… لیکن… لیکن دفعہ ۳۷۰ نہیں ہو سکتی ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہو سکتی ہے ۔کشمیر میں اور کشمیر کے بارے میں جھوٹ کی فہرست لمبی نہیں بلکہ بہت زیادہ لمبی ہے… یوں سمجھ لیجئے کہ کشمیر یا کشمیر کے باہر کشمیر کے بارے میں جو بھی بول رہا ہے وہ سب کچھ بول رہا ہے لیکن وہ سچ نہیں بول رہا ہے اور… اور وہ جو بول رہا ہے وہ اس کا سچ ہو سکتا ہے… صرف اس کا سچ … کشمیر کا سچ نہیں… بالکل بھی نہیں ۔ ہے نا؟