سرینگر//
سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بارہمولہ امود اشوک ناگپوری نے لوگوں سے سوشل میڈیا سائیٹوں پر ملی ٹنسی سے اور علیحد گی پسندی سے متعلق مواد کو پوسٹ یا شیئر کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کا مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی انجام دی جائے گی۔
ایس ایس پی نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
ناگپوری نے کہا’’ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ نے ۳۰نومبر کو ایک حکمنامہ جاری کیا جس کے تحت سوشل میڈیا کے ذریعے دہشت گردانہ تنظیم سے وابستہ کسی پوسٹ کو شیئر کرنے یا پوسٹ کرنے ، جس سے دہشت گردانہ کارروائیوں کو فروغ ملے یا لوگوں میں ڈر پیدا ہوجائے یا مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچے ، پر پابندی لگائی گئی ہے‘‘۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا’’ایسا کرنا یو اے پی اے ایکٹ اور تعزیرات ہند کے دوسرے دفعات کے تحت قانونی طور پر جرم ہے ‘‘۔
ناگپوری نے کہا کہ اگر کوئی بھی شخص دہشت گرد تنظیموں یا علیحد پسندوں کے کسی پوسٹ یا مسیج کو اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر پوسٹ کرتا ہے یا شیئر کرتا ہے تو یہ جرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے سوشل میڈیا ہینڈلرس کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے پولیس نے تمام تیاریاں کی ہیں۔
پولیس آفیسر کا کہنا تھا’’جن لوگوں کو ایسی مسیجز آتی ہیں اور وہ خود ایسا مواد شیئر یا پوسٹ نہیں کرتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اس کے متعلق فوری طور پر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابطہ کریں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف بھی تحت قانون کارروائی ہوگہ۔
ناگپوری نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں خاص کر کمسن بچوں کے ذریعے سوشل میڈیا کے ذمہ دار استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ وہ کسی قسم کی پریشانی سے دو چار نہ ہوسکیں۔