سرینگر/۴دسمبر
سرینگر میونسپل کارپوریشن ( ایس ایم سی) کے کمشنر اطہر عامر خان نے پبلک ٹرانسپورٹ کی کامیابی کے لئے لوگوں کی مدد طلب کی ہے ۔
خان کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو کامیاب بنانے کے لئے پبلک سپورٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ٹکٹ کے بغیر سفر نہیں کرنا چاہئے ۔
کمشنر‘جو سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر بھی ہیں‘نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا”پبلک ٹرانسپورٹ کو کامیاب بنانے کےلئے پبلک سپورٹ انتہائی اہم ہے ، ہم اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ سرینگر میں ایک آرام دہ، قابل بھروسہ اور سستی پبلک بس سروس کامیابی سے چل سکے“۔
خان نے لوگوں سے مخاطب ہوکر اپنے پوسٹ میں کہا”ہماری مدد کریں‘ٹکٹ کے بغیر سفر نہ کریں‘اگر ہمارے کنڈکٹر نے ٹکٹ نہیں دی تو ہمیں فوری طور مطلع کریں“۔
قابل ذکر ہے کہ جموںکشمیر انتظامیہ نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت سری نگر اور جموں کے لئے دو سو ای بسیں خریدی ہیں، دونوں شہروں میں سو سو بسیں چلیں گی۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یکم نومبر کو سرینگر میں ای بس سروس کا افتتاح کیا اورسمارٹ سٹی اقدام کے تحت خریدی گئی بیٹری سے چلنے والی 100 گاڑیوں کے بیڑے کا آغاز کیا۔
یہ بسیں اگلے 12 سال تک چلیں گی اور انہی سالوں کے لیے ٹاٹا کے ساتھ 12 سال کا معاہدہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مناسب روٹ پلاننگ کی گئی ہے ۔ آرام دہ درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کے لیے بسیں ایئر کنڈیشنگ اور ایئر پردے سے لیس ہیں۔
مزید برآں، پوری بس میں حکمت عملی کے ساتھ پانچ کیمرے رکھے گئے ہیں ۔ہنگامی صورتحال کی صورت میں، بسوں میں ایک پینیک بٹن ہوتا ہے جو فوری مدد کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک ہوتا ہے ۔