سرینگر///
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) سرینگر نے جمعرات کو سرمائی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔
انسٹی ٹیوٹ نے طلبا کو فوری طور ہوسٹلز خالی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جمعرات کو جاری ایک سرکیولر میں کہا گیا’’این آئی ٹی ایس/ آر/۶۰۰/۲۳مورخہ۳۰نومبر۲۰۲۳کے تحت توثیق شدہ آردڑ نمبر۲۰۲۳/۶کے تحت طلبا کیلئے۳۰نومبر۲۰۲۳سے سرمائی تعطیلات کے مطابق ہوسٹلوں میں قیام پذیر تمام طلبا و طالبات کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر ہوسٹلوں کو خالی کریں‘‘۔
ادھر این آئی ٹی اور اسلامیہ کالج میں جمعرات کو تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔
پرنسپل اسلامیہ کالج کی طرف سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا’’کالج میں۳۰نومبر۲۰۲۳کو تمام سمسٹروں کا کلاس ورک اور داخلی امتحانات بشمول ٹی سیریز معطل رہیں گے اور ان کا انعقاد یکم دسمبر۲۰۲۳کو کیا جائے گا‘‘۔
پرنسپل نے کہا تاہم تیسرے سمسٹر کے بیک لاگ امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے ۔
این ای ٹی سری نگر میں جمعرات لگاتار دوسرے دن بھی تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔متعلقہ حکام نے کہا’’آپ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ۳۰نومبر۲۰۲۳کو انسٹی ٹیوٹ میں چھٹی رہے گی‘‘۔
حکام نے کہا’’تمام تدریسی سرگرمیاں بشمول کلاس ورک، امتحانات و انتظامی کام کاج۳۰نومبر۲۰۲۳کو معطل رہے گا‘‘۔
ایک غیر مقامی طالب علم کی جانب سے مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی سوشل میڈیا پوسٹ کے خلاف طلباء کے احتجاج کے ایک دن بعد نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) سرینگر میں بدھ کے روز بھی تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔
دریں اثنا پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نگین میں ایک مقدمہ درج کیا ہے ۔
سرینگر پولیس نے سماجی رابطہ گاہ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’پولیس نے این آئی ٹی حکام سے ایک اطلاع موصول ہونے پر این آئی ٹی حضرت بل کے ایک طالب علم کی طرف سے ایک مخصوص کمیونٹی کے مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد اپ لوڈ کرنے کے واقعے کا نوٹس لیا اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نگین میں تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔‘‘