سرینگر//
بجلی کے کٹوتی شیڈول پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے صوبائی کمشنر‘وِجے کمار بدھوری نے کہا ہے کہ اضافی بجلی کی دستیابی سے وادی میں بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئیگی ۔
بدھوری نے آج یہاں ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک میٹنگ میںوادی بھر میں بجلی کی موجودہ صورتحال اور تمام اضلاع میں صارفین کو بجلی کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔
صوبائی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی بحران سے بچنے کے لئے بجلی کی کٹوتی کے شیڈول پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے پی ڈی ڈی کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ بجلی چوری پر کڑی نظر رکھیں اور لوگوں کو خام بجلی کے آلات کے استعمال کی حوصلہ شکنی کریں۔
بدھوری نے کہا کہ اضافی بجلی کی خریداری سے وادی میں بجلی کے مجموعی منظر نامے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
صوبائی کمشنر نے خراب موسم کے پیش نظر شدید برفباری کی صورت میں بجلی کی بحالی کے لئے کے پی ڈی سی ایل کے ہنگامی منصوبے کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ٹرانسفارمروںکے بفر سٹاک، بجلی کے کھمبوں اور ورکشاپوں کی فعالیت کا بھی جائزہ لیا۔
بدھوری نے کہا کہ عام لوگوں کو حکومت کی فلاحی سکیموں سے واقف کرنے کے لئے وِکست بھارت سنکلپ یاترا میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کے لئے انہیں متحرک کرنا جاری مہم کا بنیادی مقصد ہے۔
صوبائی کمشنر نے وِکست بھارت سنکلپ یاترا کے تحت کوریج کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اضلاع میں تمام پنچایتوں کی یونیورسل کوریج دیہی تبدیلی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے آئی اِی سی وین کے ذریعے پروگرام کی کامیابی کے لئے جامع اقدامات اور وسیع کوششوں پر زور دیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بتایا کہ انفارمیشن، ایجوکیشن اینڈ کمیونی کیشن (آئی ای سی) وین کے ذریعے مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں معلومات کی فراہمی اور آگاہی تیزی سے جاری ہے اور لوگوں کو مختلف فلاحی سکیموں اور طریقہ کار کے بارے میں تعلیم دی جارہی ہے تاکہ وہ سکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اس کے علاوہ صوبائی کمشنر نے مارکیٹ ویلیو گائیڈ لائنز اور قواعد پر نظر ثانی اور آئندہ کیلنڈر سال کے لئے شرح پر نظر ثانی پر غور کرنے کیلئے ایک اور میٹنگ کی صدارت بھی کی۔