سرینگر//
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے وادی کشمیر میں تعلیمی اداروں کے لیے مرحلہ وار موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
آٹھویں جماعت تک کی چھٹیاں ۲۸ نومبر۲۰۲۳سے۲۹فروری۲۰۲۴ تک اور اس کے بعد ۹ویں سے۱۲ویں جماعت کے لیے۱۱ دسمبر۲۰۲۳سے ۲۹فروری۲۰۲۴تک چھٹیاں منائی جائیں گی۔
حکم نامہ پڑھتا ہے، ’’تعلیمی عملہ ۲۱ فروری۲۰۲۴کو اپنے متعلقہ اسکولوں کو واپس رپورٹ کرے گا، تاکہ وہ آنے والے امتحانات کی تیاری کیلئے انتظامات کے لیے دستیاب رہیں‘‘۔
یاد رہے کہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر نے کچھ روز قبل اسکولوں میں سرمائی تعطیلات کے بارے میں کہا تھا کہ کشمیر میں ابھی اتنی زیادہ ٹھنڈ نہیں ہے کہ سرمائی تعطیلات کی جائے، اگر سردی زیادہ ہوتی تو کیا بچے اسکولوں میں کھیل پاتے جبکہ بچے تو اسکولوں میں مزا کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں صوبائی کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری نے کہا تھا کہ وادی کشمیر میں موسمی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ، اسکولی تعطیلات پر غور و خوض کر رہی ہے اور اس حوالے سے سرمائی تعطیلات کا اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمائی تعطیلات کا اعلان مرحلہ وار بنیادوں پر کیا جائے گا۔