سرینگر//
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر۲۴؍اور۲۵نومبر کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ رام بن کی نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کو جاری ہدایت کے مطابق لوگوں، سفر کرنے والوں اور ڈرائیور حضرات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ناشری ویا ڈکٹ (ناشری تا لکی ڈابا تک) پرگرڈرز لگانے اور پیرہ اور ٹنل۵پر جٹ فین لگانے کے پیش سری نگر جموں و قومی شاہراہ جمعہ اور ہفتے کو ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔
پولیس نے کہا’’قومی شاہراہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات بارہ بجے سے دن کے چار بجے تک اور جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بارہ بجے سے دن کے چار بجے تک بند رہے گی‘‘۔
تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سرینگر، لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری رہے گی۔