سرینگر///
سرد موسمی حالات کے درمیان، حکام وادی کشمیر میں پرائمری اسکولوں کے لیے جلد ہی موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ محکمہ جلد ہی اپنے فیصلے کا اعلان کرے گا۔ان کاکہنا تھا’’ہم سرد موسمی صورتحال کے پیش نظر پرائمری اسکولوں کیلئے موسم سرما کی ابتدائی تعطیلات پر غور کر رہے ہیں‘‘۔
اہلکار نے کہا کہ وہ جلد ہی چھٹی کا اعلان کریں گے۔
اس دوران کشمیر ٹریڈ الائنس نے سرد موسم کا حوالہ دیتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر پر زور دیا ہے کہ وہ اسکولی بچوں کیلئے سرمائی کی تعطیلات کا اعلان کرے۔
کشمیرٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے ایک بیان میں کہا کہ چھوٹے بچے سردموسم میں اسکول جانے کے چیلنجوں سے نمٹ رہے ہیں۔
شہدار نے بسوں اور اسکولوں میں گرمی کے انتظامات کی عدم دستیابی کے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
کشمیر ٹریڈ الائنس نے شدید دھند اور منفی درجہ حرارت سے منسلک ممکنہ خطرات کو اجاگر کیا۔انہوںنے دلیل دی کہ موسم کی یہ منفی صورتحال نہ صرف صحت کے لیے خطرات کا باعث بنتی ہے بلکہ کم سن طلباء کی اسکول میں توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بھی روکتی ہے، جس سے کلاس روم کی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔
شہدا نے تواقع ظاہر کی کہ محکمہ تعلیم موسمی صورتحال کا ادارک کرکے جلد ہی سرمائی تعطیلات کا اعلان کرے گا تاکہ ننھے منھے طلاب کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہونے سے بچا جاسکیں۔