پونچھ//
جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں بدھ کی دیر شام ایک پراسرار دھماکہ ہوا۔ تاہم اس دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ پونچھ ضلع کے سورنکوٹ علاقے میں گذشتہ روز دیر رات ایک مندر کے قریب ایک پراسرار دھماکہ ہوا۔ پولیس نے کہا ’’اس پر اسرار دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور سرچ آپریشن شروع کیاگیا جبکہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگانے کے لیے ایف ایس ایل کی ایک ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے‘‘۔
پولیس کے مطابق پر اسرار دھماکے کے باعث کرشنا مندر سورنکوٹ میں دیواروں پر سوراخ پڑ گئے ہیں۔’’ سکیورٹی فورسز موقع پر موجود ہیں اور حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پجاری کا کہنا ہے کہ کل رات یہاں ایک دھماکہ ہوا‘‘۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں اس سے پہلے بھی اس طرح کے پراسرار دھماکے ہوئے ہیں جن میں بسا اوقات جانی نقصان بھی ہوا اور اکثر وبیشتر جانی نقصان نہیں ہوئے ہیں۔