سرینگر/۹مئی
لیفٹیننٹ جنرل دیویندر پرتاب پانڈے نے پیر کے روز یہاں ہیڈ کوارٹر پر فوج کی پندرہویں کور کی کمان لیفٹیننٹ جنرل امردیپ سنگھ اوجلا کو سونپی۔
سرینگر نشین ایک دفاعی ترجمان کے مطابق پانڈے نے اپنے الوداعی پیغام میں چنار کور کے جملہ افسروں و اہلکاروں کی کام کے تئیں لگن و محنت کے لئے ان کی ستائش کی۔انہوں نے جموں وکشمیر میں امن و ترقی کے قیام کے لئے جموں و کشمیر پولیس، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز اور سول انتطامیہ کی کاوشوں کی بھی سراہنا کی۔
لیفٹیننٹ جنرل نے کشمیری عوام اور چنار کور کی جملہ برادری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دفاعی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا’’لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے سال2021 کے انتہائی نازک دور میں چنار کور کی سربراہی کی جب کشمیر ایک طرف دہشت گردی اور دوسری طرف کورونا کی دوسری لہر سے نبر آزما تھا‘‘۔
ترجمان نے کہا’’موصوف کا مدت کار لائن آف کنٹرول اور اندرونی علاقوں میں سیکورٹی ماحول میں بہتری سے عبارت ہے ‘‘۔بیان میں کہا گیا کہ سول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کے لئے ہم آہنگی سے کوشاں ہیں اور ملی ٹنسی رو بہ زوال ہے ۔
دفاعی ترجمان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل پانڈے کے مدت کار کے دوران ایل او سی پر ٹیکنیکی انٹلی جنس اور موثر در اندازی مخالف گرڈ کے قیام سے در اندازی کی کوششوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد سے ملنے والے موقعے سے ایل او سی کے پاس رہنے والی آبادی کو مدد فراہم کرنے کی نئی کوششیں کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا’’وادی کے اندرونی علاقوں میں تشدد کی لہر کو توڑنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی تمام ایجنسیاں ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں اور جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل آر مڈ پولیس فورسز کے ساتھ مل کر ٹھوس انٹلی جنس بنیادوں پر جنگجوؤں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے آپریشنز کئے گئے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ اس دوران کم سے کم نقصان ہو سکے اور صفر شہری ہلاکتیں ہوسکیں‘‘۔
بیان کے مطابق جنگجوؤں کے کنبوں تک پہنچنے کی بھی کوشش کی گئی تاکہ بھرتی عمل کم تر کیا جائے اور جنگجوؤں کو سرنڈر کرنے کے لئے مائل کیا جائے ۔موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل پانڈے کے مدت کار کے دوران غلط راستہ اختیار کرنے والے کشمیری نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کے لئے مختلف پروگرام کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ان ہی کاوشوں کے باعث جنگجوؤں کی تعداد میں سب سے زیادہ کمی درج ہوئی۔
ان کا بیان میں کہنا تھا کہ موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے اپنے مدت کار کے دوران فوجی و شہری کے درمیان رشتے کو مزید بہتر بنا دیا اور ان کے سوپور، شوپیاں، درد پورہ، ترہگام کے دوروں سے اس میں مزید استحکام ہوا۔
دفاعی ترجمان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل پانڈے کی کشمیر میں امن و سلامتی کی بحالی کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو تسلیم کیا گیا اور اس کے لئے انہیں صدر جمہوریہ ہند شری رام ناتھ کووند نے ملک کے ممتاز اعزاز اوتم یودھ سیوا میڈیل سے نوازا۔