جموں//
جموںکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے اسر علاقے میں بدھ کی صبح ایک سڑک حادثے میں کم سے کم ۳۸مسافروں کی موت جبکہ۱۸دیگر زخمی ہوگئے ۔
وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے مزید چھ کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ کے اسر علاقے میں بدھ کی صبح ایک مسافر بر دار گاڑی جس میں کم سے کم۵۶ مسافر سوار تھے ، تین سو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارمسافر طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگ اور پولیس کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے۳۸مسافروں کو مردہ قرار دیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہوئے۱۸میں سے چھ کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ اور جموں منتقل کیا گیا۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسرنے خبر رساں ایجنسی کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی صبح اسر ڈوڈہ کے مقام پر مسافر وں سے کچھا کھچ بھری ہوئی ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔
افسر نے بتایا کہ ایک گاڑی جوں ہی اسر کے مقام پر پہنچی تو موڑ کاٹنے کے دوران گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری ۔انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے۳۸مسافروں کو مردہ قرار دیا جبکہ۱۸طورپر زخمی ہوئے جن میں سے چھ کی بھی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے ۔
پولیس افسر کے مطابق حادثہ اس قدر بھیانک تھا کہ مسافر بردار گاڑی میں سوار سبھی مسافر شدید طورپر زخمی ہوئے اور اکثر مسافر برسر موقع ہی اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ زخمیوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر مہلوکین کی کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے ۔
افسر نے بتایا کہ حادثہ کیسے اور کن حالات میں ہوا اس کی جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔
دریں اثنا وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اسر ڈوڈہ میں بدھ کی صبح پیش آئے حادثے میں۳۶مسافر جاں بحق اور۱۹دیگر زخمی ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہوئے چھ مسافروں کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔مرکزی وزیر نے کہاکہ ضلعی ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ ریسکیو آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ، ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد، کانگریس صدر وقار رسول وانی، سجاد غنی لون، الطاف بخاری نے حادثے پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے کے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے اللہ سے دعا مانگی۔