سرینگر//
اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے ڈوڈہ ضلع کے اسر میں ایک المناک سڑک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم ۳۸؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ایک بیان میں، بخاری نے سڑک حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور شدید زخمیوں کو فوری طور پر سری نگر یا جموں گورنمنٹ ہسپتال یا خصوصی علاج کے لیے جموں و کشمیر سے باہر لے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
’’شدید زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر خصوصی علاج فراہم کیا جانا چاہیے،‘‘ بخاری نے اسر میں سڑک حادثے میں جان گنوانے والے لواحقین کے لیے مناسب معاوضے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا۔
اپنی پارٹی کے صدر نے سڑک حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے سوگوار لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور سڑک حادثے کے تمام متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔
بخاری نے کہا کہ حکومت کو اسر میں سڑک حادثہ کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دینا چاہئے اور ملزمین کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وادی چناب میں سڑکیں موت کا جال بن چکی ہیں اور متعلقہ حکام جموں ، ڈوڈہ، رام بن،کشتواڑ کو جوڑنے والی سڑک کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا’’ٹریفک پولیس کو پہاڑی سڑکوں پر اوور لوڈنگ اور تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جو اکثر مہلک سڑک حادثات اور جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کو آپس میں مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے اور اس کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔‘‘