سرینگر//
پولیس کا کہنا ہے کہ جموںکشمیر کے اوڑی میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پربدھ کی صبح دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی صبح بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں مشترکہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔ترجمان کے مطابق علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی پر دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ لائن آف کنٹرول پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر فوج کی چوکسی بڑھائی گئی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔