سرینگر/۸مئی
سرینگر میں پولیس اہلکار کی تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی کشمیر سمیت پولیس کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
بتادیں کہ ہفتے کے روز سری نگر کے علی جان روڑ کے نزدیک مشتبہ جنگجووں نے پولیس اہلکارغلام حسن ڈار پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور شام دیر گئے وہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ہفتے کی شام کو پولیس لائنز سری نگر میں ایک تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج (آئی جی ) وجے کمار اور دوسرے سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
آئی جی کشمیر نے ترنگے سے لپٹے پولیس اہلکار کی میت پر گلباری کی اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔
اس تعزیتی گلباری تقریب میں آئی جی کشمیر وجے کمار کے علاوہ ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر ، ایس ایس پی سری نگر اور ایس ایس پی پی سی آر کے علاوہ متعدد سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ شام دیر گئے مہلوک پولیس اہلکار کی لاش جونہی اُس کے آبائی علاقے پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اہلکار کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور بعد میں اُس کو آہوں اور سسکیوں کے بیچ سپرد لحد کیا گیا۔