بروانی// وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پر طنز کرتے ہوئے آج کہا کہ ریاست میں پارٹی عوام کے لیے ‘سونے کا محل’ بنانے کا وعدہ بھی کر سکتی ہے اور شاید اس میں بھی سونا ‘آلو’ والا لگے گا۔
مسٹر مودی ریاست کے بروانی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس دوران انہوں نے کانگریس پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ریاست میں کرسی کے لئے چھٹپٹا رہی ہے ۔ وہ یہاں کے لوگوں سے سونے کا محل بنانے کا وعدہ بھی کر سکتی ہے اوراس میں شاید کانگریس سونا بھی آلو والا ہی لگائے گی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کانگریس والے کہیں گے کہ پہلے آلو سے سونا نکالیں گے پھر محل بنائیں گے ۔ اقتدار ملتے ہی یہ سب کچھ بھول جائیں گے اور لوٹ مار کا کاروبار شروع کر دیں گے ۔
مسٹر مودی نے کہا کہ بی جے پی کا انتخابی منشور ہر طبقہ کو ترقی کی راہ پر لے جائے گا۔ پارٹی کا ہر وعدہ پورا کیا جائے گا۔ یہ بی جے پی کا ٹریک ریکارڈ ہے ۔
انہوں نے ریاست کے اس قبائلی علاقے میں کہا کہ دو دن بعد برسا منڈا کی سالگرہ ہے ۔ اسے قبائلی فخر کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ بی جے پی نے قبائلی برادری کے فخر کو بڑھانے کا کام کیا ہے جسے کانگریس نے ہمیشہ نظر انداز کیا اور اس کی پروا نہیں کی اور انہیں سماجی انصاف فراہم کیا۔