سرینگر//
سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے ) نے جمعہ کی صبح وادی کشمیر کے سرینگر ، پلوامہ اور اننت ناگ اضلاع میں دس مقامات پر چھاپے مارے جس دوران قابل اعتراض مواد ، الیکٹرانک آلات اور اہم کاغذات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی نے نے جمعے کے روز اننت ناگ میں ایک، پلوامہ میں سات اور سری نگر میں دو مقامات پر چھاپے مارے ۔انہوں نے بتایا کہ ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۳/۸کی تحقیقات کو جاری رکھتے ہوئے جمعے کی اعلیٰ الصبح مشتبہ مقامات پر چھاپے ڈالے گئے ۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ دہشت گردی فنڈنگ کا وہ معاملہ ہے جس میں۸۵کروڑ روپے کی رقم خفیہ چینلز کے ذریعے اکٹھی کی گئی اور شبہ ہے کہ اس رقم کو کشمیر میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کی خاطراستعمال میں لایا گیا ہو۔
ترجمان نے بتایا کہ جمعے کے روز دوسری راونڈ کے تحت ایس آئی اے نے چھاپے مارے جس دران قابل اعتراض مواد ، الیکٹرانک گزیٹ، موبائیل فون، لیپ ٹائپ ، موبائیل سمیں ، کئی پاسپورٹ، چکیں ، پاس بک ،کریڈٹ ، ڈیبٹ کارڈوں کے علاوہ دوسری قابل اعتراض اشیائبھی برآمد کرکے ضبط کی گئی۔ایس آئی اے نے ابتدائی راونڈ میں بدھ کے روز نئی دہلی اور جموں وکشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپہ ماری کی ۔
سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے ) نے ایک دفعہ پھر اپنے اس عزم کو دہرایا ہے کہ جموں وکشمیر میں دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کی خاطر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔