جموں//
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی )کے یونٹ صدر‘رویندر رینا کاکہنا ہے کہ جموں کشمیر میں اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی وجود ختم ہونے کے دہانے پر ہے۔
رینا نے کہا کہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں زعفرانی پارٹی اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔
رینا نے آج رائے پور ڈومانہ منڈل کے کوٹ گاؤں میں پارٹی کے بوتھ جن سمواد ابھیان سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’انتخابات میں شکست کے خوف سے اپوزیشن پارٹیاں جھوٹے بیانات دے رہی ہیں اور کسی نہ کسی بہانے بی جے پی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کا سیاسی وجود معدومیت کے دہانے پر ہے‘‘۔
بی جے پی یونٹ صدر نے دعویٰ کیا کہ بوتھ جن سمواد ابھیان پر عوام کا ردعمل زبردست رہا ہے اور اپوزیشن پارٹیوں کو حیران کر دیا ہے۔
رینا کاکہنا تھا’’۲۰۲۴میں ہونے والے عام انتخابات ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب لکھیں گے کیونکہ لوگ بی جے پی کے حق میں ووٹ دیں گے تاکہ وہ (نریندر) مودی کو مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے طور پر دیکھیں۔ جموں و کشمیر کے ووٹر اس بات کو یقینی بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں گے کہ بی جے پی یہاں بھی لوک سبھا انتخابات میں کلین سویپ کرے‘‘۔
اس موقع پر بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول نے کہا کہ جموں کشمیر کے طول و عرض میں تبدیلی کی لہر دیکھی جا رہی ہے اور لوگ چاہتے ہیں کہ بی جے پی کرسی پر ان کی خدمت کرے۔
کول نے کہا ’’عوام کو ماضی میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی حکومتوں کا بہت تلخ تجربہ ہوا ہے اور انہوں نے ان جماعتوں کو جھوٹے وعدے کرنے اور دھوکہ دینے کا سبق سکھانے کا ارادہ کیا ہے‘‘۔ (ایجنسیاں)