سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بونیار کو تریکانجن بونیار میں واقع ایک رہائشی مکان میں ممنوعہ شئے کی موجودگی کے متعلق ایک معتبر اطلاع موصول ہوئی۔
ترجمان نے کہا’’اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن بونیار نے ایس ایچ او کی سربراہی میں اس مکان پر چھاپہ مارا‘‘۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران ایک خاتون کی تحویل سے ۶۰گرام ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔
بیان میں خاتون کی شناخت فرحت بیگم عرف فنسی زوجہ رئیس احمد خان ساکن تریکانجن بونیار کے بطور کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ مذکورہ خاتون کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بونیار منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر حراست ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بونیار میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
بتادیں کہ بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے۱۰مہینوں کے دوران۲۴۲مقدمے درج کرکے۴۲۵ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے ۔