کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ … کہ رہنے دیجئے عقل کی باتیں جناب… دل کی سنئے اور پیتے جائیے… اب صاحب ہم پینے پلانے میں یقین نہیں رکھتے ہیں… بالکل بھی نہیں رکھتے ہیں…اس لئے یہ شعر ہمارے کسی کام کانہیں ہے… یہ شعر اگر کسی کے کام ہے تو وہ اپنے محکمہ بجلی کے… جی ہاں محکمہ بجلی…جسے ہمارا مخلص مشورہ ہے کہ … کہ رہنے دیجئے شیڈول ووڈل کی باتیں جناب… دل کی سنئے اور بجلی کاٹتے جائیے جناب…کہ… کہ جب بھی اس محکمہ کا دل چاہیے اسے بجلی بند کرنی چاہئے اور… اور اللہ میاں کی قسم یہ بجلی بند کر دیتا ہے… بغیر کسی شیڈول کے ۔محکمہ کی سنی جائے تو لوگ بجلی کا غیر منصفانہ استعمال کررہے ہیں اور… اور لوگوں کے اس غیر منصفانہ استعمال کی وجہ سے بجلی کا سسٹم دباؤ میں آرہا ہے ‘ جس کے سبب اضافی کتوٹی کرنی پڑتی ہے ۔یہ صاحب گھسا پٹا بہانہ ہے… اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے … نئی بات یہ ہوتی اگر محکمہ کہتا کہ اسے احساس ہے کہ سردیوں میں بجلی کے حوالے سے بجلی کی ضرورتیں بڑھ جاتی ہیںاور چونکہ بجلی کے علاوہ بیشتر لوگوں کے پاس گرمی حاصل کرنے کے متبادل ذرائع دستیاب نہیں ہیں… اس لئے وہ لوگوں کی اضافی ضرورت کے مطابق بجلی سپلائی کریگا… لیکن صاحب ایسی ہماری قسمت کہاں… ہماری کیا ‘ جو ہماری آئندہ کی نسلیں ہیں ‘ ان کے کان بھی اس بات کو سننے کیلئے ترس جائیں گے … اور سو فیصد ترس جائیں گے ۔خیر!واپس آتے ہیں بجلی شیڈول پر ۔اس حوالے سے ہم محکمہ کو ایک مشورہ دیتے ہیں… بالکل مفت اور…اور وہ مشورہ یہ کہ وہ بجلی کا شیڈول پر عمل کیجئے اور نہ اس کبھی جاری کیجئے … کیونکہ لوگ شیڈول کے حساب سے بجلی فراہم ہونے کی توقع رکھتے ہیں اور… اور محکمہ ‘بجلی شیڈول کے مطابق سپلائی کر نہیں سکتا ہے… بالکل نہیں کر سکتا ہے … اور جب محکمہ شیڈول کے مطابق بجلی فراہم ہی نہیں کر سکتا ہے تو… تو پھر شیڈول جا ری کرنے کا کیا فائدہ ؟فائدہ بجلی شیڈول جاری نہ کرنے میں ہے کہ … کہ اگر محکمہ‘ بجلی کا کوئی شیڈول جاری ہی نہیں کرے گا تو… تو کشمیریوں کو یہ کہنے کا موقع ہی نہیں ملے گا کہ … کہ محکمہ اپنے ہی شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کر پاتا ہے … بالکل بھی نہیں کرپاتا ہے ۔اس کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ بھی نہیں ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ جب محکمہ آج تک کبھی شیڈول پر عمل نہیں کر سکا… جب شیڈول پر ایک دن بھی عمل آوری ممکن نہیں تو… تو صاحب پھر شیڈول جاری کرنے کی تیاری کیوں؟ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے‘ بالکل بھی نہیں ہے …ہے نا؟