سرینگر//
وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر لیہہ شاہراہ پر تازہ برف باری کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل بند بند ہے ۔تاہم وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر جموں قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک حسب معمول جاری ہے ۔
ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ سرینگر، لیہہ شاہراہ پر تازہ برف باری کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاہم وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر جموں قومی شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک حسب معمول جاری ہے ۔
حکام نے راز دان ٹاپ پر برف باری کے باعث باںڈی پورہ، گریز روڈ کو بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے ۔
بتادیں کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں جمعرات کو برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔
اس دوران برف و باراں کے مختصر مرحلے کے بعد وادی کشمیر میں جمعہ کی صبح سے ہی موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونا شروع ہوئی اور دن بھر نحیف ہی سہی مگر دھوپ چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں۱۰نومبر تک موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۳سے۶نومبر تک موم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں۷اور۸نومبر کو موسم بر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۹؍اور۱۰نومبر کو بھی موسم ابر آلود ہی رہ سکتا ہے اور اس دوران کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۱۰نومبر تک بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
دریں اثنا وادی میں جمعے کو صبح سے ہی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو پارکوں، دکان تھڑوں وغیرہ پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔