نئی دہلی// انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ وہ عمران ملک کو جولائی 2022 میں انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان پانچویں ٹیسٹ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
بیٹوے ویب سائٹ پر شائع ایک مضمون میں، پیٹرسن نے کہا، "اس وقت آئی پی ایل میں ہندوستان کے بہت سے بہترین نوجوان تیز گیند باز کھیل رہے ہیں۔ بین الاقوامی تیز گیند بازوں میں صرف لوکی فرگوسن اور الزاری جوزف رفتار میں ان کے برابر ہیں۔
پیٹرسن نے کہا، “کارتک تیاگی اور محسن خان دونوں ہی بہت تیز ہیں، لیکن مجھے سب سے زیادہ عمران ملک پرجوش لگے۔ انہوں نے جمعرات کو دہلی کے خلاف 157 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی۔
پیٹرسن نے کہا کہ سن رائزرز حیدرآباد کے لیے کھیلنے والے عمران کو ڈیل اسٹین کے طورپرمیں ایک بہترین مینٹور ملا ہے۔
عمران کوہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ دینے کی وکالت کرتے ہوئے، پیٹرسن نے کہا، "میرے حساب سے انتظار کرنے کا کوئی مطلب نہیں بنتا، ملک کو ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ ساتھ وائٹ بال کرکٹ میں بھی جگہ دینی چاہیے۔ کوئی بھی اتنی تیزرفتار گیند بازی کا سامنا کرنا پسند نہیں کرتا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان رہ چکے پیٹرسن نے کہا کہ اگر وہ ہندوستانی سلیکٹر ہوتے تو عمران کوانگلینڈ کے خلاف جولائی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم میں شامل کرلیتے۔
انہوں نے کہا، “انگلینڈ کے بلے باز اس وقت کاؤنٹی کرکٹ میں 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ یقیناً وہ اچانک 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو کھیلنانہیں چاہیں گے۔”
سن رائزرز حیدرآباد کے لیے کھیلنے والے عمران ملک کی عمر 22 سال ہے اور ان کا تعلق سری نگر، جموں و کشمیر سے ہے۔ آئی پی ایل 2022 کے 10 میچوں میں وہ 15 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔