سرینگر//
فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیویدی نے جمعرات کو دورہ لداخ کے دوران حقیقی کنٹرول (ایل اے سی) پر آپریشنل اور سیکورٹی تیاریوں کا جامع جائزہ لیا۔
دیویدی نے اس موقع پر مشکل علاقوں اور سخت موسمی حالات میں تعینات فوجی جوانوں کی استقامت اور لگن کی سراہنا کی۔
ایک دفاعی ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل نے اپنے دورے کے دوران صف اول کے دستوں کے فوجی جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور سینئر افسروں سے بریفنگ حاصل کی۔
ترجمان نے کہا کہ کمانڈر نے آپریشنل اور سیکورٹی تیاریوں کے مختلف پہلووں کا مشاہدہ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے وہاں تعینات جوانوں کے غیر متزلزل عزم کی سراہنا کی اور ملک کی سلامتی اور خود مختاری کو یقینی بنانے پر ان کے اہم کر دار پر زور دیا۔
بتادیں کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل منوج پانڈے نے بدھ کے روز لداخ میں سیاچن گلیشئراور حقیقی کنٹرول لائن کا دورہ کر کے موجودہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔