سرینگر//
سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کی پانچ سالہ میعاد۵ نومبر کو ختم ہو رہی ہے جبکہ کشمیر میں دیگر شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بی) کی مدت۲۸؍اکتوبر سے ۲۶دسمبر کے درمیان ختم ہو جائے گی۔
شہری بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ضمنی انتخابات میں منتخب ہونے والوں سمیت تمام کارپوریٹروں/ کونسلرز کی مدت بھی ختم ہورہی ہے۔
شہری بلدیاتی اداروں کے میئر، صدور، نائب صدر، کارپوریٹر/ کونسلر اب مراعات اور اعزازیہ کے حقدار نہیں ہوں گے۔
دستاویزات کے مطابق میونسپل کمیٹی کپواڑہ کی میعاد۲نومبر کو ختم ہوگی جبکہ لنگیٹ اور ہندواڑہ میونسپلٹی کی مدت ۱۸ نومبر کو ختم ہوگی۔اس دوران شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں بارہمولہ میونسپل کونسل میں منتخب نمائندوں کی میعاد ۹نومبر کو ختم ہو رہی ہے جبکہ سوپور میونسپلٹی کی پانچ سالہ میعاد۴نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔چار دیگر یو ایل بی کنزر، پٹن، اْڑی اور واترگام کی مدت بھی۴نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کہ میونسپل کمیٹی بانڈی پورہ کے صدر، نائب صدر اور کونسلروں کی میعاد ۲نومبر کو ختم ہو رہی ہے جبکہ حاجن اور سمبل میونسپلٹی کے نمائندوں کی میعاد ۱۸نومبر ۲۰۲۳ کو ختم ہو رہی ہے۔
اسی طرح بڈگام اضلاع میں تمام میونسپل کمیٹیوں بشمول بڈگام، چاڈورہ، چرار شریف، خان صاحب اور ماگام کی میعاد۱۲نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔
ادھرجنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں میونسپل کونسل اننت ناگ اور میونسپل کمیٹی اچھبل کی میعاد۲۸؍ اکتوبر کو ختم ہوگئی جبکہ عشمقام، مٹن، پہلگام، بجبہاڑہ اور قاضی گنڈ سمیت میونسپل کمیٹیوں کے نمائندوں کی میعاد۱۴نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ڈورو ویری ناگ میونسپل کمیٹی میں نمائندوں کی میعاد یکم نومبر کو ختم ہوئی اورکوکرناگ میں، میعاد ۳۱؍اکتوبر کو ختم ہوگئی۔ادھر کولگام اور دیوسر میونسپل کمیٹیوں میں منتخب نمائندوں کی میعاد ۲۹؍ اکتوبر کو ختم ہوگئی ہے جبکہ یاری پورہ میں یہ میعاد۴ نومبر ۲۰۲۳کو ختم ہو رہی ہے۔
اسی طرح پامپور میونسپل کمیٹی میں منتخب نمائندوں کی میعاد۲۶ دسمبر کو ختم ہو رہی ہے جبکہ ترال میونسپلٹی کی میعاد۲۹ نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ذارئع کے مطابق کہ شوپیان اور گاندربل اضلاع میں واحد میونسپلٹی کی مدت بالترتیب۲۹؍اکتوبر اور۸ نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔