جموں//
مرکزی وزیر نتن گڈکری، جو ملک کے شاہراہوںکے رابطوں کو تبدیل کرنے کے مشن پر ہیں‘نے بدھ کو کہا کہ ادھم پور،رامبن سیکشن پر۴ لین پروجیکٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے ہائی وے کی چار تصویریں شیئر کیں جو پہاڑیوں اور ایک ندی سے گزر رہی ہیں۔
مرکزی وزیر نے’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا’’جموں اور کشمیر میں، ہم نے رامبن وایاڈکٹ کی تعمیر کامیابی سے مکمل کی ہے، یہ ایک قابل ذکر کارنامہ ہے جس کی لمبائی۰۸ء۱ کلومیٹر ہے جس کی ۴ لین ہے‘‘۔
پروجیکٹ‘ جو۳۲۸کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے، نیشنل ہائی وے۴۴ کے ادھم پور،رامبن سیکشن پر واقع ہے۔ یہ وایاڈکٹ ۲۶؍ اسپین پر مشتمل ہے اور اس کے ساختی ڈیزائن میں کنکریٹ اور اسٹیل گرڈرز کا امتزاج ہے۔
گڈکری نے کہا ’’اس کی تکمیل سے رامبن بازار میں ٹریفک کی بھیڑ کو نمایاں طور پر کم کیا گیا ہے، جس سے گاڑیوں کے بہاؤ میں آسانی ہو گی‘‘۔
گڈگری نے کہا کہ یہ ’یادگار کامیابی‘ نہ صرف علاقائی اقتصادی خوشحالی کو فروغ دیتی ہے بلکہ ایک اعلی درجے کی سیاحتی پناہ گاہ کے طور پر اس کی رغبت کو بھی بڑھاتی ہے۔