جموں//
جموںکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی پر زور دیتے ہوئے یونین ٹریٹری میں جلد از جلد اسمبلی انتخابات کا انعقاد عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔
کمیٹی نے منگل کے روز جموں میں یونین ٹریٹری دیوس کے موقع پر دھرنا دیا۔ دھرنے پر بیٹھے پارٹی کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ ’ریاستی درجے کو بحال کرو‘کے نعرے لگا رہے تھے ۔
اس موقع پر کمیٹی کے صدر وقار رسول نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی آج دھرنے پر اس لئے بیٹھی ہے کیونکہ۵؍اگست۲۰۱۹کو جموں و کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرکے یونین ٹریٹری بنا دیا گیا۔
کانگریسی لیڈر نے کہا’’تب سے پانچ برس گذر گئے لیکن اس سال گورنر انتظامیہ نے یہاں یونین ٹریٹری دیوس منانے کا آغاز کیا اس سے پہلے یہ دن نہیں منایا جاتا تھا‘‘۔
وانی کا کہنا تھا’’اس کا مطلب ہے کہ وہ جموں کشمیر کو مستقل طور یونین ٹریٹری رکھنا چاہتے ہیں جبکہ وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ کہا تھا کہ یونین ٹریٹری کا درجہ عارضی ہے ‘‘۔
کانگریس کے یو نٹ صدر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا مطالبہ ہے کہ جموںکشمیر کے ریاستی درجے کو جلد از جلد بحال کیا جائے ۔انہوں نے کہا’’جموںکشمیر میں جمہوریت کو بحال کیا جانا چاہئے اور فوری طور پر الیکشن کئے جانے چاہئے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’جموں وکشمیر کے لوگوں‘ چاہئے وہ کس ضلع سے تعلق رکھتے ہیں، کو یونین ٹریٹری برداشت نہیں ہے ‘‘۔
دریں اثنا کانگریس کے کارکنوں نے سری نگر میں بھی ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔