سرینگر/30 اکتوبر
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کو بد عنوانی کے وبا سے صاف وپاک کرنا ہمارا مشن اور وژن ہے ۔
سنہا نے کہا کہ ہمیں بد عنوانی سے نمٹنے کےلئے ایک مربوط اور اجتماعی نقطہ نظر کی ضرورت ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔
سنہا نے کہا”ویجی لنس بیداری کے ہفتے کے موقع پر پیر کو سیول سکریٹریٹ میں راج بھون کے افسران و عملے اور انتظامی سکریٹریوں نے دیانتداری کا حلف اٹھایا“۔
ایل جی کا پوسٹ میں کہنا تھا”ہمیں بد عنوانی سے نمٹنے کے لئے ایک مربوط اور اجتماعی نقطہ نظر کی ضرورت ہے جو ترقی میں رکاوٹ اور معاشرے کے اخلاقی پہلو کو کمزور کرتی ہے “۔
سنہا نے کہا کہ بد عنوانی کے کینسر کی بیخ کنی کےلئے تمام متعلقین کو ایک اہم رول ادا کرنا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”بد عنوانی سے صاف پاک جموں وکشمیر ہمارا مشن اور وژن ہے ہمیں اس موقع کو استعمال کرکے عوامی زندگی کے بہتر مستقبل، جوابدہی اور قابلیت کے فروغ کے لئے اپنے عزم کی تجدید کرنی چاہئے ۔“