جموں//
جموںکشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے ایک شکایت کنندہ کو دھوکہ دینے کے الزام میں اتر پردیش کے دو دھوکہ بازوں کو گرفتار کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹری پولیس اسٹیشن میں درج ایک ایف آئی آر میں مطلوب اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے دو دھوکہ بازوں کو گرفتار کیا ہے ۔ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت ادیش سنگھ ساکن چندوکھہ یو پی اور وشال پرتاب سنگھ ساکن فرخ آباد یو پی کے بطور کی۔
پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے تاجر سنجے کمار نے اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ اس کو اجے ناگیش جوشی کا کال موصول ہوا، جو ہوشی پور پنجاب میں واقع انڈیکس سوکروز لمیٹڈ کے ساتھ کام کرتا ہے اور مختلف علاقوں میں ڈیلروں کو چینی سپلائی کرتا ہے ۔
ترجمان نے کہا’’شکایت کنندہ کے مطابق دوران گفتگو دھوکہ باز نے اس کو یقین دلایا کہ وہ اس کیلئے چینی فراہم کرے گا جس پر شکایت کنندہ نے اس کو ٹھاٹھری میں واقع اس کے دکان پر ۱۰ٹن چینی دینے کو کہا‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’دھوکہ باز نے اس کے عوض شکایت کنندہ کو۳لاکھ۲۵ہزار روپیوں کا بل اور اکوئنٹ نمبر دے دیا اور شکایت کنندہ نے مذکورہ رقم اس کے کائونٹ میں ٹرانسفر کی‘‘۔
پولیس بیان میں کہا گیا’’بعد ازاں شکایت کنندہ کو دھوکہ باز کی طرف سے ایک اور کال موصول ہوتی ہے جس میں اس کو کہا جاتا ہے کہ چینی سے بھری گاڑی ٹھاٹری کی طرف جا رہی تھی لیکن گاڑی اودھم پور کے نزدیک خراب ہوگئی‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت کنندہ کو کہا جاتا ہے کہ وہ گاڑی کے ڈرائیور راجیو کو۵ہزار روپیے ٹرانسفر کریں۔انہوں نے بیان میں کہا’’شکایت کنندہ کو اس معاملے پر شک ہوا تو اس نے دھوکہ باز سے۵ہزار رویے اس کے اکائونٹ میں جمع کرنے کو کہا تاکہ وہ پھر پیسے بھیجنے کا بندوبست کرسکے لیکن دھوکہ باز نے ایسا کرنے سے انکار کیا جس کے بعد شکایت کنندہ کو معلوم ہوا کہ اس کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے ‘‘۔
بیان میں کہا گیا کہ دوران تحقیقات یہ بات سامنے آئی کہ شکایت کنندہ کے ساتھ آن لائن دھوکہ بازی کی گئی ہے اور تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اس ضمن میں چارج شیٹ دائر کی گئی۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں عدالت کی طرف سے دھوکہ بازوں کے خلاف جاری نا قابل ضمانت وارنٹ پر پولیس ایک ٹیم بھیج دی گئی جس نے اتر پردیش پولیس کی مدد سے دونوں دھوکہ بازوں کو فرخ آباد یو پی سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ان پر مقدمہ درج کیا گیا اور جوڈیشل ریمانڈ پر ضلع جیل بھدرواہ میں بند رکھا گیا۔