نئی دہلی//
تمام کلاسوں کیلئے اسکول کی نصابی کتابوں میں’انڈیا‘ کو’بھارت‘سے تبدیل کیا جانا چاہیے، سماجی علوم کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی، جو نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) نے اسکولی نصاب کی نظر ثانی کے لیے تشکیل دی ہے‘ سفارش کی ہے۔
کمیٹی کے چیئرپرسن سی آئی اسحاق کے مطابق، پینل نے نصابی کتب میں ’انڈیا‘ کے نام کو ’بھارت‘سے بدلنے، نصاب میں’قدیم تاریخ‘کے بجائے ’کلاسیکی تاریخ‘ متعارف کرانے اور انڈین نالج سسٹم (آئی کے ایس) کو شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔
این سی ای آر ٹی کے چیئرمین دنیش سکلانی نے تاہم کہا کہ ابھی تک پینل کی سفارشات پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اسحاق نے کہا’’کمیٹی نے متفقہ طور پر سفارش کی ہے کہ کلاسوںکے طلباء کے لیے نصابی کتابوں میں’بھارت‘کا نام استعمال کیا جانا چاہیے۔ ہم نے نصابی کتب میں قدیم تاریخ کے بجائے کلاسیکی تاریخ کو متعارف کرانے کی بھی سفارش کی ہے‘‘ ۔
کمیٹی کے سربراہ نے کہا’’بھارت ایک قدیم نام ہے۔ بھارت کا نام قدیم متون میں استعمال ہوا ہے، جیسے وشنو پران، جو کہ۷ہزار سال پرانا ہے‘‘۔
بھارت کا نام پہلی بار باضابطہ طور پر اس وقت ظاہر ہوا جب حکومت نے جی ۲۰کے دعوت نامے کو ’صدر ہند‘ کے بجائے ’بھارت کے صدر‘ کے نام سے بھیجا۔
بعد ازاں نئی دہلی میں سربراہی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے نام کی تختی پر بھی ہندوستان کے بجائے ’بھارت‘ لکھا گیا۔
اسحاق نے کہا کہ کمیٹی نے نصابی کتب میں مختلف لڑائیوں میں’ہندو فتوحات‘ کو اجاگر کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔
’’ہماری ناکامیوں کا تذکرہ نصابی کتب میں موجود ہے۔ لیکن مغلوں اور سلطانوں پر ہماری فتوحات نہیں‘‘۔اسحاق نے کہا، جو انڈین کونسل آف ہسٹوریکل ریسرچ (آئی سی ایچ آر) کے رکن بھی ہیں۔
اسحاق کا مزید کہنا تھا’’انگریزوں نے ہندوستانی تاریخ کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا تھا‘ قدیم، قرون وسطی اور جدید ہندوستان کو اندھیروں میں، سائنسی علم اور ترقی سے ناواقف دکھایا۔ لہذا، ہم نے مشورہ دیا ہے کہ ہندوستانی تاریخ کے کلاسیکی دور کو قرون وسطی اور جدید دور کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں پڑھایا جائے‘‘۔
ایس سی ای آر ٹی قومی تعلیمی پالیسی(این ای پی)۲۰۲۰کے مطابق اسکول کی نصابی کتابوں کے نصاب پر نظر ثانی کر رہا ہے۔ کونسل نے حال ہی میں نصاب، نصابی کتب اور سیکھنے کے مواد کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک۱۹رکنی قومی نصاب اور تدریسی مواد کی کمیٹی(ایس ایس ٹی سی)تشکیل دی ہے۔
اسحاق نے کہا’’کمیٹی نے تمام مضامین کے نصاب میں انڈین نالج سسٹم (آئی کے ایس) کو متعارف کرانے کی بھی سفارش کی ہے‘‘۔