سرینگر//
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی(ڈی پی اے پی) کے چیئر مین ‘غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ ہم اپنی تمام ریلیوں اور میٹنگوں میں جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
آزادنے کہا کہ غزہ پٹی میں حالات تشویش ناک ہیں جو بڑے ممالک امن قائم کراسکتے ہیں وہ خود ہی اس جنگ کا حصہ بن گئے ہیں۔
ڈی پی اے پی کے چیئر مین نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
آزاد نے کہا’’ہم نے ، جب سے یہ پارٹی بنی، سینکڑوں میٹنگوں اور ہزاروں ریلیوں سے خطاب کیا ہم ہر جگہ یہاں الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔
ڈی پی اے پی کے چیئر مین کا کہنا تھا’’افسران اچھی طرح سے سرکار چلا سکتے ہیں لیکن ایم ایل اے ہی عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں‘‘۔ آزاد نے کہا کہ جب افسران ایم ایل کا کام ہاتھ میں لیں گے تو اس سے سکریٹریٹ کا کام کاج متاثر ہوگا۔
اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا’’غزہ میں بچوں کو مارا جا رہا ہے پانی، خوراک بند کر دیا گیا ہے یہ دنیا کا سب سے بڑا اوپن جیل بن گیا ہے ‘‘۔
آزاد کا کہنا تھا’’جب دنیا کے بڑے ممالک جو امن قائم کراسکتے ہیں حصہ دار بن گئے ہیں تو امن قائم کون کرائے گا ہم اب صرف دعا ہی کرسکتے ہیں۔‘‘