جموں//
جموںکشمیر کے راجوری ضلع کے کنڈی علاقے میں منگل کے روز میاں بیوی کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق راجوری کے کنڈی علاقے باگلہ گاوں میں منگل کے روز اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب میاں بیوی کی گلا کٹی لاشیں رہائشی مکان سے برآمد کی گئیں۔
معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں نے پولیس کو اس بارے میں مطلع کیا چنانچہ پولیس کی اعلیٰ سطحی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر طبی لوازمات کی خاطر انہیں ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ میاں بیوی کا سنسنی خیز طریقے سے قتل کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ ایک انسانیت سوز واقع ہے اور ملوثین کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی راجوری نے خصوصی تحقیقات ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ قاتلوں کو جلدازجلد سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے ۔
اس دوران جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے بمنہ علاقے میں منگل کی صبح شادی شدہ خاتون کی لاش پر اسرار حالت میں برآمد کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق بمنہ کے دربل علاقے میں منگل کی صبح چند مقامی افراد نے ایک خاتون کی لاش دیکھی اور اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔
پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اس کی شناخت تنویرا زوجہ شوکت احمد کالو ساکن نند ریش کالونی بمنہ کے بطور کی ۔
قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔