سرینگر//
سرینگر کے مصروف ترین اور سب سے زیادہ بھیڑ باڑ والے مارکیٹ گونی کھن بازار کی سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت سر نو تزئین و آرائش کی جا رہی ہے ۔
سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) اطہر عامر خان کا کہنا ہے کہ گونی کھن مارکیٹ کی سر نو تعمیر کا کام شروع ہوچکا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ قریب ہی واقع ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ اور وادی کی مصروف ترین جنکشنوں میں سے جہانگیر چوک جنکشن کو بھی دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے ۔
خان نے’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’گونی کھن بازار سرینگر کے سب سے زیادہ بھیڑ باڑ والے بازاروں میں سے ایک ہے۔ اس مارکیٹ کی سر نو تعمیر کا کام سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شروع ہوا ہے ‘۔ ان کا پوسٹ میں کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ امیرا کدل برج کے ساتھ راہگیروں کیلئے نئے پل کی تعمیر کا کام بھی شروع ہوا ہے ۔
سی ای او نے کہا کہ اس کے علاوہ ہری سنگھ ہائی سٹریٹ سر نو تعمیر پروجیکٹ اور جہانگیر چوک جنکشن امپرومنٹ پروجیکٹ کا کام بھی شروع ہوا ہے ۔انہوں نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ جہانگیر چوک مصروف ترین اور حساس ترین جنکشنوں میں سے ایک ہے ۔
خان کا پوسٹ میں کہنا تھا’’اس جنکشن کے گرد وپیش ٹریفک کی نقل و حمل اور اس کے ساتھ جڑنے والے ملحقہ علاقوں کے راہگیروں کی نقل و حمل کو منظم کرنے کیلئے سمارٹ سٹی پرجیکٹ کے تحت اس کو دوبارہ ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور اس کو بہتر بنایا جا رہا ہے ‘‘۔
گونی کھن مارکیٹ سری نگر کا وہ بازار ہے جہاں وادی کے گوشہ و کنار کے لوگ آکر خریداری کرتے ہیں۔تہواروں اور شادی بیاہ کے سیزن میں اس مارکیٹ میں غیر معمولی بھیڑ دیکھی جاتی ہے ۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس باراز کو گرچہ پہلے کل مقابلے میں وسعت دی گئی ہے تاہم واش روموں اور پارکنگ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہے جس سے دکانداروں اور خریداروں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ۲۹۴مربع کلو میٹروں پر پھیلے سری نگر شہر کو ہاوئسنگ اور شہری امور کی وزارت کے ذریعے شروع کئے گئے سمارٹ سٹی مشن کے لئے منتخب شدہ شہروں میں سے ایک شہر ہے ۔
سرینگر میں ماہ مئی کے اواخر میں منعقدہ جی ٹونٹی ورکنگ ٹورزم گروپ کے اجلاس سے قبل کئی پروجیکٹوں کو مکمل کیا گیا۔ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت سال ۱۹۵۲میں قائم شدہ مشہور پولو ویو مارکیٹ کی سر نو تعمیر و تجدید کی گئی۔
سرینگر کے تجارتی مرکز لالچوک میں واقع گھنٹہ گھر کو سر نو تعمیر کیا گیا اور اس کے علاوہ جہلم ریور فرنٹ اور مولانا آزاد روڈ کو بھی مکمل کیا گیا۔ اس پروجیکٹ کے تحت سری نگر میں سمارٹ الیکٹرک بسوں کو بھی متعارف کیا گیا۔