سرینگر//
جنوبی ضلع پلوامہ کے چیوا کلان گاؤں میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کی سفارشات پر محکمہ مال کے حکام نے پولیس کی موجودگی میں سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گئے دارلعلوم کو منہدم کردیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ این آئی اے کی سفارشات پر محکمہ مال کی ایک ٹیم نے پلوامہ کے چیوا کلان گاوں میں سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گئے دارلعلوم کو منہدم کیا ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ۱۲مارچ۲۰۲۲کو چیوہ کلان پلوامہ میں تعمیر کئے گئے ایک منزلہ دارلعلوم میں تصادم آرائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا تھا۔
تصادم آرائی کے بعد پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۲/۵۰کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی اور بعد ازاں مقدمے کو این آئی اے کے سپرد کیا گیا۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے دارلعلوم کے منتظمین نصیر مولوی ساکن چیوا کلان اور اس کے ساتھی امتیاز احمد کی گرفتاری عمل میں لائی جو ابھی تک زیر حراست ہیں۔
پولیس بیان کے مطابق تین کمروں پر مشتمل مذکورہ دارلعلوم کو سرکاری زمین پر تعمیر کیا گیا تھا اور تصادم کے بعد عمارت خالی پڑی ہوئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ این آئی اے کی سفارش پر محکمہ مال کی ٹیم نے پولیس کی موجودگی میں درمیانی شب اس عمارت کو مسمار کیا ۔