سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے آلشی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو مقامی جنگجو مارے گئے ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مہلوکین میں سے ایک کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے آلشی پورہ گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد۴۴آر آر‘۱۷۸ویں بٹالین سی آر پی ایف اور شوپیاں پولیس نے درمیانی شب مشترکہ طورپر گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران فریقین کے درمیان دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری شروع ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ رک جانے کے بعد تصادم کی جگہ دو ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کی گئیں جن کی بعد میں شناخت معرفت مقبول ولد محمد منگلو ساکن چھی گنڈ کیگام شوپیاں اور جاظم فاروق عرف ابرار ولد فاروق احمد وانی ساکن ہف شرمال کے بطور ہوئی ۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک دہشت گرد سیکورٹی فورس اور عام شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے ۔
جاظم فاروق عرف ابرار ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۳/۱۴زیر دفعات۳۰۷/۳۰۲آئی پی سی اور۲۵/۷ آرمز ایکٹ کے سلسلے میں پولیس کو انتہائی مطلو ب تھا۔انہوں نے بتایا کہ جاظم فاروق کشمیر پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث رہا ہے ۔
موصوف ترجمان کے مطابق معروف مقبول نامی دوسرا دہشت گرد سیکورٹی فورسزکو ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۳/۲۰۲زیر دفعات۲۸‘۲۰؍ور ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۲/۲۵۰کے سلسلے میں پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کشمیر ی پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث اور ایک دہشت گرد عاقب بٹ ساکن ملنگ پورہ پلوامہ کو امسال فروری میں تصادم آرائی کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ شوپیاں میں سیکورٹی فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران دو انتہائی مطلوب ملی ٹینٹوں کو مار گرایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تصادم آرائی کے دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محاظ ہے لہذ لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔