سرینگر//
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے بٹہ مالو اور حبہ کدل علاقوں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج کیا۔
بتادیں کہ وادی میں طویل خشک سالی کے باعث ندی نالے سوکھ گئے ہیں ، دریائے جہلم میں بھی پانی کی سطح میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے جس وجہ سے شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ریک چوک بٹہ مالو میں پیر کی صبح خواتین کی ایک بڑی تعداد نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ انہیں پانی فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔
ان کے مطابق اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لانے کے باوجود بھی لوگوں کی آواز صدا بہ صحر اثابت ہو رہی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ریک چوک میں دھرنا دینے کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی خلل پڑا۔
دریں اثنا پائین شہر کے حبہ کدل علاقے میں بھی پیر کی صبح خواتین کی ایک بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔مظاہرین نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے سے علاقے میں پانی کا کئی نام ونشان ہی نہیں ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سالانہ آبیانہ وصول کرنے کے باوجود بھی جل شکتی محکمہ کے ملازمین پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہو ئے ہیں۔انہوں نے ایل جی منوج سنہا سے فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔