سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر آج ملک میں کامیابی کی ایک نئی کہانی ہے ۔
سنہا نے کہا کہ ہماری مجموعی اقتصادی ترقی لچک اور طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہم ہر شعبے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شمالی ضلع کپوارہ میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔
سنہا نے کہا’’میں نے آج کپوارہ میں زائد از۲۶کروڑ لاگت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اس سرحدی ضلع نے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں قابل ذکر تعمیر کا آغاز کیا ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر انتظامیہ رواں مالی سال کے دوران۳ہزار۲سو۴۱کاموں کو مکمل کرنے کا ہدف رکھتی ہے تاکہ مستقبل کی ترقی اور تمام شعبوں میں پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے ۔
سنہا نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران کپوارہ کی ترقی کا سفر غیر معمولی رہا۔
ایل جی نے کہا’’گذشتہ مالی سال کے دوران ضلع میں۲ہزار۴سو۴۴ترقیاتی کام مکمل کئے گئے جموں وکشمیر انتظامیہ نے سیاحتی شعبے کو فروغ دیا تاکہ اس خوبصورت علاقے کے لوگوں کے سماجی و اقتصادی حالات بدل جائیں اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع وسیع ترہو جائیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ سال۲۰۲۱۔۲۰۲۲کے دوران کیرن اور مژھل سیکٹر کے لئے پہلی بار گرڈ کنیکٹی وٹی فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس کنیکٹی وٹی سے لائن آف کنٹرول کے نزدیک قریب۱۹پنچایتیں اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی محفوظ کرنے کیلئے ترقی اور خوشحالی کے نئے راستوں کو متعین کر سکیں۔
سنہا کا کہنا تھا کہ کپوارہ میں۳۱۴۴کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے۲۰بنیادی ڈھانچوں کے منصوبے زیر تعمیر ہیں جو مستقبل کی ترقی کی کلید ہوں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف شہری علاقوں بلکہ دیہی علاقوں کی آبادی میں بھی خوشحالی لائیں گے اور مقامی مارکیٹ کی بنیاد کو وسعت اور کاروبار کو فروغ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر آج ملک میں کامیابی کی ایک نئی کہانی ہے ۔
سنہا کا کہنا تھا’’ہماری مجموعی اقتصادی ترقی لچک اور طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہم ہر شعبے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں جس سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آ رہی ہے تاکہ ایک مضبوط یونین ٹریٹری تشکیل پائے ۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ مالی برس میں۲۴۴۴ ترقیاتی کام مکمل کئے گئے اور۷۳ برسوں میں کیرن اور مژھل کیلئے پہلی بار گرڈکنکٹویٹی ۲۲۔۲۰۲۱ء کے دوران فراہم کی گئی جس سے ایل او سی کے قریب ۱۹پنچایتوں کو اپنے آنے والے نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے ترتیب دینے کے قابل تھیں۔
سنہا نے کپواڑہ میں سیاحتی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کیلئے جموںکشمیر یوٹی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے اس خوبصورت خطے کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بدلنے اور نوجوانوں کو وسیع مواقع فراہم کرنے کے لئے سیاحتی شعبے کو بڑا فروغ دیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پی آر آئی کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ کسانوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں پی ایم فصل بیمہ یوجنا اور زراعت سے متعلق دیگر سکیموں سے جوڑیں۔ اُنہوں نے ضلع میں پرائمری ایگری کلچر کریڈٹ سوسائٹیوں پربھی زور دیاتاکہ کسان پروڈیوسر آرگنائزیشنوں کے قیام میں سہولیت فراہم کی جا سکے۔
سنہا نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی اجتماعی کوشش ہونی چاہیے کہ اس برس کم از کم۶ ہزار نوجوان خود روزگار کے منصوبوں سے منسلک ہوں اور اپنا کاروباری سفر شروع کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پی آر آئی کے نمائندوں کی طرف سے پیش کردہ مطالبات کا جواب دیتے ہوئے یقین دلایا کہ موبائل کنکٹویٹی کو مضبوط بنانے اور ضلع میں کھیل سہولیات کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدام اُٹھایا جائے گا۔