سرینگر//
پولیس کاکہنا ہے کہ بدھ کوجنوبی ضلع کولگام کے کجر گاؤں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں حزب المجاہدین کے دو مقامی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ کولگام تصادم میں حزب سے وابستہ دو مقامی دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے کجر گاؤں میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کے روز علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود دہشت گردوںنے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ان کے مطابق کچھ دیر تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو دہشت گرد مارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ایکس پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ’’کولگام کے کجر گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں حزب سے وابستہ دو مقامی دہشت گرد مارے گئے ‘‘۔
کمار نے جاں بحق دہشت گردوں کی شناخت باسط امین بٹ ساکن فرصل اور ثاقب احمد لون ساکن ہاوورا کولگام کے بطورکی ہے ۔
اے ڈی جی پی نے مزید بتایا کہ دونوں حزب کے ساتھ وابستہ تھے اور تصادم کی جگہ دو اے کے رائفلیں اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔
دریں اثنا پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محاظ ہے لہذ لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے ۔