سرینگر//
پولیس کاکہنا ہے کہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے وترگام وانہامہ گاوں میں مشتبہ دہشت گردوں نے طالب علم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام اننت ناگ کے وترگام وانہامہ علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مشتبہ دہشت گردوں نے۲۰سالہ طالب علم جس کی شناخت ساہل بشیر ڈارولد بشیر احمد ڈار کے بطور ہوئی ہے پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی طالب علم کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ طالب علم کی گردن میں گولی پیوست ہوئی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی شام کو دہشت گردوں نے ساہل بشیر ڈار ولد بشیر احمد ڈار ساکن وانہامہ اننت ناگ پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
ہسپتال ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد زخمی نوجوان کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے کیونکہ گولی اس کی گرد ن کے اندر جا کر باہر نکلی ہے جس وجہ سے زخمی کافی گہر ا ہے ۔