جموں//
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع سے دو افراد ‘جو پولیس افسروں کا روپ دھار رہے تھے، کو منگل کو جموں میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہوٹل کے مالک کی شکایت پر دونوں فرضی پولیس اہلکاروں کو جموں کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔
ان افراد کی شناخت سوپور کے رہنے والے قیصر جیلانی اور شمالی کشمیر کے رہنے والے محمد تنویر کے طور پر کی گئی ہے۔
معتبر ذرائع نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دونوں افراد کو پہلے بھی کشمیر ڈویڑن میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے بھی خبر رساں ایجنسی کو اس پیش رفت کی تصدیق کی اور کہا کہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔