سرینگر //
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لارکی پورہ ڈورو علاقے میں بدھ کی صبح ایک لوڈ کیرئر میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں۸مزدور زخمی ہوگئے ۔
پولیس نے اس دھماکے میں کسی بھی دہشت گردی کے زوایے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ ایک لوڈ کیرئرمیں ہوا جس میں کنکریٹ وائبریشن میشن، ایک پورٹیبل جنریٹر اور تیل کا ایک ڈبہ رکھا ہوا تھا۔
پولیس نے کہا کہ زخمی مزدور ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان سب کی حالت مستحکم ہے ۔
کشمیر زون پولیس نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’اننت ناگ کے لارکی پورہ میں ایک لوڈ کیرئر میں رکھے گئے ایک سیمنٹ مکس سیٹلنگ وائبریشن مشین، جو ایک پورٹیبل جنریٹر اور ٹین کے تیل ڈبے کے نزدیک تھا اور جس کو مزدور کہیں لے جا رہے تھے ، میں دھماکہ ہوا‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ اس دھماکے میں۸مزدور زخمی ہوگئے جو ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان سب کی حالت مستحکم ہے ۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا’’اس دھماکے میں کوئی دہشت گردی زوایہ نہیں پایا گیا اور اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی گئی ہیں‘‘۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔