سرینگر//
وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں موسم کی پہلی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے جہاں ایک طرف خشک موسم کا ایک طویل سلسلہ ٹوٹ گیا وہیں گرمی کا زور بھی کم ہوا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ، ضلع گاندربل کے بالائی علاقوں، ضلع بانڈی پورہ کے رازدان ٹاپ، سادھنا ٹاپ، کلشی وادی گریز میں موسم کی پہلی برف باری ہوئی جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۲۶ ستمبر کو کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں۲۷؍اور۲۸ستمبر کو موسم مجموعی طور خشک رہ سکتا ہے اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ متوقع پے۔ترجمان نے بتایا کہ اس کے بعد۲۹؍اور ۳۰ستمبر کو کئی جگہوں پر ایک بار پھر بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم اگلے ہفتے کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں ہا برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرینگر میں۳ء۱۸ ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں۲ء۵ ملی میٹر‘پہلگام میں۹ء۱۷ملی میٹر اور کپوارہ میں۰ء۳ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں۰ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ، پہلگام میں۸ء۷ ڈگری سینٹی گریڈ اور کپوارہ میں ۶ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادھر وادی میں برف و باراں کے ساتھ موسم سرد ہوا ہے اور لوگ قدرے گرم ملبوسات زیب تن کرنے لگے ہیں۔