نئی دہلی//
سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے آئی پی ایل میں کھیل رہے طوفانی گیند باز عمران ملک نے دفاعی چیمپئن چنئی سپر کنگز کے خلاف ایک بڑی کامیابی درج کرلی ۔ عمران نے آئی پی ایل کے 15ویں سیزن میں تیز ترین گیند پھینکنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ جموں و کشمیر کے 22 سالہ تیز گیند باز نے 154 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی ، جو کہ موجودہ آئی پی ایل میں اب تک کی سب سے تیز گیند ہے۔ عمران نے اس دوران گجرات ٹائنٹنز کی جانب سے کھیل رہے نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز لاکی فرگیوسن کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
پونے کے مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے 46ویں میچ میں عمران ملک نے ایک نہیں بلکہ دو مرتبہ 154 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی۔ عمران نے چنئی سپر کنگز کی اننگز کے 10ویں اوور کی دوسری گیند 154 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پھینکی۔ اس گیند پر چنئی کے سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڑ نے چوکا لگایا۔
اس کے بعد عمران نے اننگز کے 19ویں اوور کی تیسری گیند بھی اسی رفتار سے پھینکی۔ سی ایس کے کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اس وقت اسٹرائیک پر تھے۔ چنئی کے وکٹ کیپر بلے باز دھونی نے مڈ آف کی طرف اس گیند کو کھیل کر ایک رن لیا۔ تاہم اس میچ میں عمران ملک کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔ انہوں نے اپنے چار اوور کے اسپیل میں بغیر کوئی وکٹ لئے 48 رنز دئے۔