سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا پیر کی صبح ہمہامہ پہنچے جہاں انہوں نے کوکرناگ انکائونٹر میں جاں بحق ہونے والے ڈی ایس پی ہمایوں بٹ کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کیا۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری اے کے مہتا، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری، ڈی آئی جی وسطی کشمیر، ایس ایس پی بڈگام و دیگر اعلیٰ افسران ان کے ہمراہ تھے ۔
بتادیں کہ ڈی ایس پی ہمایوں بٹ گڈول کوکرناگ کے جنگل علاقے میں۱۳ستمبردہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے تھے ۔
دہشت گردوں کی اس فائرنگ کے نتیجے میں فوج کے کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش دھونک بھی از جان ہوئے تھے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’آج ہمہامہ بڈگام کا دورہ کیا اور وہاں بہادر شہید ہمایوں بٹ کے اہلخانہ سے ملا اور ان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا‘‘۔انہوں نے کہا’’کنبے کو یونین ٹریٹری انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کے مدد اور تعاون کی یقین دہانی کی، پوری قوم سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی میں کھڑی ہے ‘‘۔
جاں بحق ہونے والے ڈی ایس پی کی رہائش گاہ پر تعزیت پرسی کے لئے جہاں سیاسی لیڈروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے وہیں سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا بھی اظہار ہمدردی کے لئے تانتا بندھا ہوا ہے ۔ادھر کوکرناگ کے گڈول جنگل علاقے میں پیر کو آپریشن مسلسل چھٹے روز بھی جاری ہے ۔