جموں//
جموںکشمیر میں فینسی نمبر پلیٹوں کی اِی ۔ نیلامی سے۱۶لاکھ ۱۰ہزار روپے کی آمدنی حاصل کی ہے ۔
موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کی فینسی نمبر کی اِی۔ نیلامی فیس لیس خدمات میں سے ایک ہے جسے حال ہی میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شروع کیا ہے۔
آن لائن رِپورٹوں کے مطابق تقریباً ۸۱درخواست دہندگان نے آج دوپہر تک پہلے رائونڈ میں مختلف فینسی رجسٹریشن نمبر کے لئے آن لائن نیلامی میں حصہ لینے کے لئے مختلف آر ٹی اوز اور اے آر ٹی اوز سے آن لائن رجسٹریشن کیا تھا۔
ستمبر کے پہلے ہفتے میں من پسند نمبر JK02DF0786 تقریباً 1,51000 روپے میں نیلام ہوا ۔اِسی طرح JK02DF0001 تقریباً 1,51000 روپے میں نیلام ہوا۔0001 سے 9999 تک کے رجسٹریشن نمبروںکو عوامی نیلامی کے لئے رکھا گیا ہے۔
یوزر مینول کے مطابق گاڑی کا مالک خود کو قومی ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ پر رجسٹر کرسکتا ہے ( یوزر مینوئل پورٹل پر دستیاب ہے ) اور اِس کا لنک جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ پر بھی دستیاب ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ رجسٹریشن اور ریزرو رقم جمع کرنے کے بعد لاگ اِن اور نیلامی کے عمل میں شرکت کے لئے منفرد شناختی نمبر ( یو اے این ) حاصل کرنے کے لئے ہے۔ فینسی نمبر پلیٹوں کو مختلف زُمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ہرزُمرے کے لئے مختلف ریزرو اور بیس پرائس ہے۔
نئی آن لائن سہولیت نہ صرف پورے نظام میں شفافیت لائے گی بلکہ نیلامی کا حتمی طریقہ کار شروع ہونے تک اس شخص کی شناخت کو پوشیدہ رکھنے کو بھی یقینی بنائے گی ۔ اِس سے قبل گاڑیوں کے مالکان کو متعلقہ آر ٹی او ز اور اے آر ٹی اوز پر جانا اور مقررہ فیس کے علاوہ قیمت کا حوالہ دینا پڑتا تھا۔ اِس قیمت کا ڈیمانڈ ڈرافٹ متعلقہ دفاتر میں جمع کرنا پڑتا تھا اور جو گاڑی مالک زیادہ قیمتی رکھتا تھا اسے فینسی نمبر الاٹ کیا جاتا تھا۔لیکن اَب وہ محکمہ آفیشل ویب سائٹ پر کلک کر کے اَپنے گھروں میں آرام سے یہ خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ پرسنا راما سوامی جی نے تفصیلات کا اِشتراک کرتے ہوئے مزید کہا کہ اِس اَقدام کا مقصد فینسی نمبر جاری کرنے میں شفافیت لانا ہے ۔ نئے نظام کے مطابق ایک درخواست دہندہ اَب فینسی نمبروں کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ سے آن لائن ادائیگی کرسکتا ہے ۔ یہ مشق آر ٹی او میں اِنسانی اِنٹرفیس کو بھی کم کرے گی۔