نئی دہلی/ /
مرکزی حکومت نے ملک میں پارلیمنٹ اور تمام قانون ساز اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کے امکانات کے مطالعہ کیلئے سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔
ذرائع کے مطابق’ون نیشن ون الیکشن‘ کے موضوع پر تجاویز کیلئے کووند کی قیادت والی کمیٹی کے ممبران کا نوٹیفکیشن جلد ہی جاری کیا جائے گا۔
دریں اثنا پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے جے پور میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا’’کمیٹی ابھی تشکیل دی گئی ہے ۔ اس کے بننے کے بعد اب اس کی رپورٹ آئے گی، اس رپورٹ پر عوامی سطح پر بحث ہوگی، پارلیمنٹ میں بھی اس پر بحث کرائی جائے گی۔ ایسے میں پریشان ہونے کی کیا بات ہے ؟
ذرائع نے بتایا کہ یہ کمیٹی اس موضوع پر جامع بحث کرے گی اور ماہرین کی رائے بھی لے گی اور اس کے بعد اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
جوشی نے کہا’’جمہوریت کی ترقی میں جو مسائل سامنے آتے ہیں ان پر بحث ہونی چاہیے ۔ ابھی کمیٹی بنائی گئی ہے ۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ یہ (لوک سبھا اور ودھان سبھا کے انتخابات ایک ساتھ) کل سے ہی ہوں گے ۔ ہم نے ایسا کچھ نہیں کہا‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ ملک کی آزادی کے بعد کچھ عرصہ تک لوک سبھا اور قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ کرائے جاتے تھے لیکن بعد میں اس رواج کو ختم کر دیا گیا اور قانون ساز اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات الگ الگ کرائے جانے لگے ۔
غورطلب ہے کہ مرکزی حکومت نے۱۸سے۲۲ستمبر تک پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا ہے ۔
ذرائع کے مطابق حکومت اس دوران’ایک ملک ایک الیکشن‘کے حوالے سے بل بھی لے کر آ سکتی ہے ۔
اس دوران مرکز میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے کووند سے ملاقات کی۔