نئی دہلی// سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز لوک سبھا کے سابق رکن اور بہار سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) لیڈر پربھوناتھ سنگھ کو 1995 کے دوہرے قتل کے کیس میں عمر قید کی سزا سنائی۔
جسٹس سنجے کشن کول کی قیادت میں سپریم کورٹ کی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ پربھوناتھ سنگھ کو داروغہ رائے اور راجندر رائے کے قتل کے معاملے میں قصوروار پایا گیا تھا۔ مزید برآں، انہیں ایک خاتون کے اقدام قتل کے لیے بھی قصوروار قرار دیا گیا۔
قبل ازیں عدالت عظمی نے اس معاملے میں ٹرائل کورٹ اور پٹنہ ہائی کورٹ کی طرف سے انہیں بری کرنے کے حکم کالعدم کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت اور مجرم کو متاثرین کو معاوضہ بھی دینا ہوگا۔
عدالت عظمی نے کہا، "مقتولین کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے کا معاوضہ، حکومت بہاراور مجرم (پربھوناتھ سنگھ) دونوں کی طرف سے علاحدہ طور پر ادا کیا جائے گا۔”
یہ کیس مارچ 1995 میں پیش آنے والا بھیانک واردات کا ہے ، جب ضلع سارن کے چھپرا میں اسمبلی انتخابات کے دوران دو لوگوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔
ٹرائل کورٹ نے دسمبر 2008 میں ثبوت کی کمی کی وجہ سے پربھوناتھ سنگھ کو بری کر دیا تھا، اس فیصلے کو پٹنہ ہائی کورٹ نے بھی 2012 میں برقرار رکھا تھا۔ تاہم، اس فیصلے کو راجندر رائے کے بھائی نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔