سرینگر/۲۹اگست
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے نسبل علاقے میں پیر کی شام سے لاپتہ۷سالہ بچے کی مسخ شدہ لاش منگل کی صبح نزدیکی جنگل میں پائی گئی جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ علاقے میں اکثر نمودار ہونے والے تیندوے نے اس کو اپنا نوالہ بنا یا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے نسبل علاقے میں پیر کی شام ایک بچہ لاپتہ ہوا اور تلاش کے دوران اہلخانہ نے ایک کھیت میں خون کے دھبے اور اس کے کپڑے دیکھے جس کے بعد انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں پولیس، فوج کی 13 آر آر اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے بچے کی وسیع پیمانے پر تلاش شروع کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ بالآخر منگل کی صبح بچے کی مسخ شدہ لاش نسبل میں ہی جنگل کے نزدیک پائی گئی۔
متوفی کی شناخت زید بشیر ولد بشیر احمد ساکن نسبل کے بطور کی گئی ہے ۔
پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے سمبل ہسپتال منتقل کیا جس کے بعد اس کو لواحقین کے سپرد کیا گیا۔
مقامی سرپنچ نے میڈیا کو بتایا کہ بار ہا میں نے متعلقہ حکام کو ریچھ کے گھومنے کے بارے میں مطلع کیا لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا ہے ۔
سرپنچ نے کہا کہ یہ ریچھ مہینے میں دس پندرہ شکار کرتا ہے ۔ان کا کہنا تھا”نسبل کا یہ جنگل گاندربل کے ساتھ آتا ہے ہماریں خواتین باہر نہیں نکل سکتی ہیں ہمارے بچے کھیل نہیں پا رہے ہیں یہ وائلڈ لائف محکمے کی ناکامی ہے “۔
ایک اور بزرگ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ بچہ نماز مغربین کے بعد لاپتہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ کسی بھی وقت ایسا دوسرا واقعہ پیش آسکتا ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں اقدام کرنے کی اپیل کی۔
دریں اثنا بچے کی لاش گاﺅں پہنچتے ہی کہرام بپا ہوا اور خاص طور پر خواتین کو زار وقطار روتے اور سینہ کوبی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔